Breaking

Post Top Ad

Wednesday, July 22, 2020

Dr Akhtar Hussain Shafi Taruf Wa Ghazal

ڈاکٹر اختر حسین شافی

اڑیسہ کے ادبی منظر نامہ میںڈاکٹر اختر حسین شافیؔ صاحب کو قلمکاروں کی ایسی صف میں شامل کیا جاسکتا ہے جن کی تحریروں میں گہرائی وگیرائی کے علاوہ  علم ودانش کے آبدار موتی جڑے ہوئے ہیں۔بنیادی طور پر انگریزی کے آدمی ہیں۔ان کے انگریزی مضامین اخبارات کی زینت بنتے رہتے ہیں۔انسان کی تخلیقی صلاحیت اور اس کے تخلیقی ذہن پر مبنی ان کی ایک انگریزی کتابThe Creator,Creation And Creative Imaginationادبی  حلقوں میں کافی مقبول ہوئی ہے۔اردو ماحول میں پرورش وپرداخت کے سبب اردو شعر وادب سے بھی دلچسپی ہے۔اردو میں بھی ان کی شعری ونثری تخلیقات مختلف رسائل کی زینت بن کرپزیرائی حاصل کرچکی ہیں۔وہ خالصتاً نظم کے شاعر ہیں۔غزل بھی کہتے ہیں ۔لیکن ان کی غزل موضوعاتی یکجہتی کی بنا پر نظم سے زیادہ قریب لگتی ہے۔اس لئے بیشتر غزلیں غزلِ مسلسل کی ذیل میں آتی ہیں۔
پورا نام اختر حسین ہے اور شافیؔ ادبی شناخت۔کٹک کے مضافات میں۱۵؍ستمبر۱۹۳۹؁ء کو ولادت ہوئی۔انگریزی میں ایم۔اے‘پی۔ایچ۔ڈی ہیں۔پہلے لکچرار کی حیثیت سے تقرری ہوئی۔پھر ریڈر بنے اور بالآخر پرنسپل کے عہدے تک ترقی کرکے وظیفہ یاب ہوئے۔قومی سطح پر سمپوزیم اور سیمیناروں میں شرکت کرتے ہیں۔شاعری کے علاوہ ادبی و تنقیدی مضامین بھی لکھتے ہیں۔ ایک شعری مجموعہ’’آئینۂ ایام‘‘ زیرِ طبع ہے۔زیرِ نظر غزل اپنے موضوعاتی تنوع کے باوصف باطنی سطح پر مربوط ہے اور اپنے نقطۂ ارتکاز ’جستجو‘ کے گرد گھومتی ہے۔
رابطہ۔محلہ کیسر پور۔ڈاکخانہ:بخشی بازر۔کٹک۔753001(اڑیسہ)موبائل۔

ہمسفر! اٹھو‘سنو‘آؤ خضر کو ڈھونڈلیں
کیا گلہ تیرہ شبی کا ہم سحر کو ڈھونڈلیں

زحمتیں راہِ وفا کی کیا ڈرائینگی ہمیں
آؤ مل کر رہنمائے باخبر کو ڈھونڈ لیں

یہ زمانہ مطلبی ہے‘ خود غرض ہیں سب یہاں 
جس میں ہو اخلاص باقی اس بشر کو ڈھونڈلیں

ہم کو ’’پسماندہ‘‘ لقب پر شرم آنی چاہئے
بن کے میرِ کارواں علم وہنر کو ڈھونڈلیں

جو مکاں سے لامکاں تک کا سفر طے کرسکا
وہ ہے منزل آشنا‘ اس راہ بر کو ڈھونڈلیں

ساز وہ چھڑیں جو رازِ ارتقا کو کھول دے
جو دعا کو دے اثر اس چشمِ تر کو ڈھونڈلیں

ہاتھ میں ترشول لیکر تاک میں ہے راہزن
اس کو خاکستر جو کردے اس شرر کو ڈھونڈلیں

کس پہ اے شافیؔ بھروسہ اس جہاں میں ہم کریں
جو غموں میں ساتھ دے اس چارہ گر کو ڈھوندلیں

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Pages