Breaking

Post Top Ad

Thursday, July 23, 2020

Nihal Hafeez Taruf wa Ghazal

نہالؔ حفیظ
گزشتہ صدی کی ساتویں دہائی کے ابتدائی برسوں میں مطلع ادب پر جو ستارے نمودار ہوئے ان میں نہال حفیظ صاحب بھی ایک روشن ستارہ کی حیثیت رکھتے ہیں اور جن کے شعر و ادب کی روشنی سے پوری اردو دنیا منور ہورہی ہے۔ ان کی غزلوں میں تازہ کاری، ندرت خیال اور عصری حسیت کے ساتھ نئے نئے فکرو خیال کے چراغ بھی روشن ہوئے ہیں۔ مروجہ روایتی لفظیات کو نئی معنویت سے ہمکنار کر کے انہوں نے اپنی شاعرانہ ہنر مندی کا جواز بھی فراہم کیا ہے۔
پورا نام نہال احمد حنیف ہے اور ادبی شناخت نہالؔ حفیظ۔ مالیگائوں ضلع ناسک میں ان کی ولادت یکم جون ۱۹۵۳ء؁ کو ہوئی۔ بی اے جرنلزم اور ڈپلومہ ان ایجوکیشن کی تکمیل کے بعد ممبئی میونسپل کار پوریشن کے شعبہ تعلیمات میں پبلک ریلیشن افسر کے عہدے پر فائز ہیں۔ شاعری کے علاوہ تنقیدی و تحقیقی امور بھی انجام دے رہے ہیں۔ ان کی ایک تحقیقی تصنیف’’ نقوش‘‘ شعرائے مالیگائوں کے تذکروں پر مشتمل ہے۔ ماہنامہ ’’صدفِ نو‘‘ کی مجلس ادارت سے وابستگی ہے۔ ادب اطفال کے فروغ کیلئے بھی محرک ہیں۔ نونہالانِ قوم اور ملک وملت کیلئے بھی دل میں تعمیری جذبہ رکھتے ہیں اور خدمت خلق کو اپنا شعار بنایا ہے۔ ردیف ’’ہوا‘‘ کے ساتھ ان کی زیر نظر غزل میں ایک ایسی استعارائی فضا ہموار ہوئی ہے جسمیں ہوا کے تعمیری و تخریبی پہلوئوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
رابطہ۔فلیٹ نمبر۔ 51/602  اود مبرہائوسنگ سوسائٹی۔ شیو ساگر اپارٹمنٹ۔ چھٹی منزل بی۔ ونگ  ۔تلک نگر
چیمبور۔ ممبئی۔400089  

دشت انا میں دھوم مچاتی پھری ہوا
دامن کے تارتار اڑاتی پھری ہوا

خوشبو کے ساتھ رنگ اڑاتی پھری ہوا
پھولوں کو بے لباس بناتی پھری ہوا

پھیلائے جب بھی شام نے تاریکیوں کے جال  
گھر گھر نئے چراغ جلاتی پھری ہوا

جن بستیوں کو ناز تھا اپنے وجود پر
ان بستیوں میں خاک اڑاتی پھر ہوا

ہر ایک کو وہ شہر ہوں یا بن کہ بحرو بر
روز اک انوکھا روپ دکھاتی پھری ہوا

اپنے لہو سے جس کو لکھاہم نے اے نہالؔ
وہ داستانِ درد سناتی پھری ہوا

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Pages