Breaking

Post Top Ad

Wednesday, July 22, 2020

Shamsul Haq Taruf Wa Ghazal

شمس ا لحق شمسؔ  ( ایڈوکیٹ)

اڑیسہ کے ادبی منظر نامہ میں شمس ا لحق صا حب ایک صالح فکر شاعر کی شناخت رکھتے ہیں۔ ملکی سطح پر انہیں ابھی اتنی شہرت نہیں ملی جس کے وہ مستحق ہیں۔ اسمیں تھوڑی بہت ان کی قلندرانہ فطرت کا بھی دخل ہے کہ چھپنے چھپانے کے معاملے میں سنجیدہ نظر نہیں آتے۔ ان کے کلام میں ملی جذبہ اور فکر اسلامی کے روشن خطوط نمایاں ہیں۔یہی وجہ ہے کہ روز نامہ اخبار مشرق، ہفتہ وار نشیمن اور دیگر دینی رسائل میں ان کا کلام بڑے اہتمام سے شائع ہوتاہے۔ بنیادی طور پر نظم کے شاعری ہیں۔ غزلوں میں نظمیہ شاعری کے اثرات نظر آتے ہیں۔ اسلئے بیشتر غزلیں یک موضوعی ہوتی ہیں جنہیں غزلِ مسلسل بھی کہا جاسکتا ہے۔
گزشتہ جلدوں میںان کا سوانحی پس منظر تفصیل سے پیش کیا جا چکا ہے۔ تاہم اتنا بتادوں کہ پورانام شمس ا لحق ہے اور شمسؔ تخلص۔ والد مرحوم جناب عبدا لغنی اشرفی نے لکھنو سے ہجرت کر کے کٹک کے ایک نواحی گائوں دیو پور میں سکونت اختیار کی جہاں شمس الحق صاحب کی ولادت ۶؍ستمبر ۱۹۴۱ء؁ کو ہوئی۔ ایم اے ایل ایل بی ہیں۔ محکمہ اشتراکِ باہمی میں ملازمت کی اور اعلٰی افسر کے عہد تک ترقی کر کے سبکدوش ہوئے۔ اب قانون کی پریکٹس کرتے ہیں اور مشق سخن بھی جاری ہے جس کا آغا ز طالب علمی کے دور سے وہ کر چکے تھے۔ ساتھ ہی اڑیا اور انگریزی میں بھی لکھتے ہیں اور ان زبانوں میں ان کے مضامین اخبارات کی زینت بھی بن رہے ہیں۔ ایک شعری مجموعہ’’ حرفِ حق‘‘ کے نام سے زیر ترتیب ہے۔ زیر نظر غزل کا محور ابلیس اعظم بش کی ذات ہے ۔ 
رابطہ۔ شمس الحق شمسؔ (ایڈوکیٹ) مقام۔ دیو پور۔ ڈاک خانہ بیری باٹی ضلع کٹک ( اڑیسہ) 

فقط کو شش سے دنیا میں کسی کو کچھ نہیں ملتا
بنا حکم الٰہی آدمی سے کچھ نہیں ہوتا

ہمارے بس میں کچھ ہے تو فقط تد بیر کا نسخہ
مگر تقدیر کے آگے کسی کا کچھ نہیں چلتا

جوبش اس دور کا فرعون اور ابلیس اعظم تھا 
بھری محفل میں سب کے سامنے اس پر پڑا جوتا

اکڑ تا تھا بہت جو اپنی قوت کے بھروسہ پر
پڑی جب مار جوتے کی اسے ہونا پڑا رسوا

وہ اپنی شعلہ افشانی دکھا کر جا چکا ہم کو
ابلتے پانیوں سے تو کسی کا گھر نہیںجلتا

زباں کو شیرنی ملتی ہے جذبوں کی لطافت سے
کسی کھارے سمندر میں کنول ہر گز نہیں کھلتا

شہادت کا تمنائی ہوا کرتا ہے ہر مومن
جو حق پر جان دے اے شمسؔ وہ ہر گز نہیں مرتا

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Pages