Breaking

Post Top Ad

Thursday, July 23, 2020

Asghar Nadeem Nizami Taruf wa Ghazal

اصغر ندیمؔ نظامی

جھوٹ کے شہر میں سچ بولنا مشکل ہے مگر 
اپنے اسلاف کی تاریخ کو زندہ رکھئے
محولہ بالاشعر اصغر ندیمؔ نظامی صاحب کی فکری طہارت، اسلاف کی صالح قدروں کا احترام اور تعمیری جذبوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ اسلئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ ان کی شاعری محض تفریح طبع کیلئے نہیں بلکہ ایک صحتمند معاشرے کی محرک بھی ہے۔ ان کی شعری صلاحتیوں کا اعتراف کرنے والوں میں جاوید اشرف چودھری، عنبر شمیم، ڈاکٹر محمد زاہد، ایم کے اثر اور نعیمہ انیس جیسی معتبر شخصیتیں شامل ہیں۔ بقول ڈاکٹر الف انصاری۔’’ وہ سماج کے غلط عناصر پر اپنے اشعار میں بھر پور وار کرتے ہیں لہجہ میں سادگی کے ساتھ نیا پن بھی ہے۔‘‘
اصل نام محمد اصغر علی انصاری ہے اور ادبی نام اصغر ندیمؔ نظامی۔ والد مرحوم کا اسم گرامی محمد نظام الدین انصاری ہے۔ ۲؍جنوری ۱۹۶۲ء؁ کو مٹیا برج میں ولادت  ہوئی۔ آبائی وطن کران سرائے ضلع بکسر آرہ (  بہار  ) ہے ایم اے بی ایڈ کے بعد درس وتدریس کے معزز پیشہ سے وابستہ ہیں۔ ۱۹۷۶ء؁ سے شعری سفر کا آغاز کیا۔ پہلے جناب مشتاق جاوید اور جناب ہارون رشید سے اصلاحیں لیں۔ اب ملک کے معبتر و معروف شاعر پر وفیسر قیصر شمیم صا حب سے وابستہ ہیں ۔ شعری سفر مائل بہ ارتقا ہے تخلیقات مقتدر رسائل کی زینت بن رہی ہیں۔ ادبی اور سماجی اداروں سے بھی وابستگی ہے۔ ابو طالب اکاڈمی نے انہیں’’ شاعر بناض وقت کے‘‘ خطاب سے نوازاہے۔ سہ ماہی تخلیق کی مجلس مشاورت سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ قصیدہ نعت، منقبت سلام اور نظم بھی کہتے ہیں مگر غزل ہی ان کی پہچان ہے۔ زیر نظر غزل میں عصری حسیت کے ساتھ ان کے دینی وملی احساسات دیکھے جا سکتے ہیں۔
رابطہ۔ 
P-19/B/1 
 رامیشور پور روڈ۔ نواب واجد علی شاہ سرانی۔ 
کولکاتا۔700024  
غزل

ہے کون کس سے بر سر پیکاردیکھئے 
انسانیت کے سر پہ ہے تلوار دیکھئے

رکنے کا نام لیتے نہیں بدتمیز ہاتھ 
کس کس کی گرنے والی ہے دستار دیکھئے

کیسا یہ معجز ہ ہے جہاں میں خلیل کا 
آتش کدہ ہے پھولوں کا گلزار دیکھئے 

بچتے عراق اور فلسطین کس طرح 
تھے قوم میں بھرے ہوئے غدار دیکھئے

جس کو شریف سمجھا تھا بازار میں وہی
چاندی سے جسم کا ہے خریدار دیکھئے

ایران میں بھی آہی گیا سخت زلزلہ
تازہ خبر ہے‘ آج کا اخبار دیکھئے

طوفان ہے‘ بھنور ہے‘ کنارا بھی دور ہے 
ٹوٹی ہوئی ہے نائو کی پتوار دیکھئے 

تنقید صرف کرنے سے کچھ فائدہ نہیں 
اصغر ندیمؔ کے ذرا اشعار دیکھئے

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Pages