Breaking

Post Top Ad

Thursday, July 23, 2020

Dr Nilani Wabha Naazli Taruf wa Ghazal

ڈاکٹر نلنی وبھا نازلیؔ

گزشتہ صدی کی ساتویں دہائی سے جو شعرا وشاعرات آسمانِ ادب میں درخشاں ستاروں کی مانند جلوہ گر ہیں ان میں ایک اہم نام ڈاکٹر نلنی وبھا نازلیؔ صاحبہ کا بھی ہے جو خالص غزل کی شاعرہ ہیں۔ان کے کلام میں جہاں نسائی جذبات ومحسوسات کی شبنمی ٹھنڈک ہے وہیں ذات سے کائینات تک پھیلے ہوئے سلگتے منظروں کی حدت کا احساس بھی ہوتا ہے۔ان کے تعلق سے خاص بات یہ ہے کہ بیک وقت ہندی اور اردوحلقوں میں انہیں یکساں مقبولیت حاصل ہے
ان کا اصل نام نلنی وبھا ہے اور نازلی تخلص۔والدِ مرحوم کا اسمِ گرامی شری چاند دھرمانی ہے۔ایم۔ اے‘ ایم۔فل کی سند یافتہ ہیں اور الحانی موسیقی میں پی۔ایچ۔ڈی بھی کی ہے۔سرِدست گورمنٹ کالج ہمیر پور(ہماچل پردیش)میں لکچرار ہیں۔ہندی اور اردو رسائل میں ان کا کلام تواتر سے شائع ہوتا ہے۔ہندی میں دو شعری مجموعے’چنتن‘ اور ’ہر ایک انسان بولے‘اور اردو میں’ریزہ ریزہ آئینہ‘اور ’غزل کے پردے میں‘شائع ہوکر مقبول ہوچکے ہیں۔موخر الذکر مجموعہ دیو ناگری میں ہے۔اردو خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزاز سے نوازا جاچکا ہے جس کی تقریب ایوانِ غالب دہلی میں ہوئی تھی۔انہیں ہماچل رتن اور وقارِ غزل کے خطابات بھی عطا کئے گئے ہیں۔ان کی زیرِ نظر غزل قدرں کے اس زوال آمادہ معاشرے سے ہمکلام ہے جس میں زندگی کسی بارِ گراں سے کم نہیں اور رشتوں کا انہدام جیسے المیوں کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نام ونمود اور مال ودولت سب عارضی ہیںاور جو لازوال ہے  وہ صرف خدا کی ذات ہے۔
رابطہ۔سینیر لکچرار۔شعبۂ موسیقی۔گورمنٹ پی۔جی کالج۔ہمیر پور177005  (یو۔پی)

غزل
 

یہ عناصر سے بنا تن کا مکاں کچھ بھی نہیں
جانئے اس کو بس اک بارِ گراں کچھ بھی نہیں

جسم کی لذّت کے پیچھے کیوں بھٹکتا ہے مدام
 روح میں رب کو سمو لے جسم وجاں کچھ بھی نہیں

ہیں غرض کے رشتے ناتے‘ہو ضرورت تو لگاؤ
 ورنہ باہم دوستوں کے درمیاں کچھ بھی نہیں

آج ہے تیری جو دولت چھوڑ بھی سکتی ہے ساتھ
 سیم وزر املاک اراضی‘جاں وداں کچھ بھی نہیں

اس کی رحمت کے بنا ہے زندگی بے فائدہ 
 چار دن کا کھیل ہے عصر رواں‘ کچھ بھی نہیں

ہے وہی روزی رساں جو مانگنا ہے اس سے مانگ
 ہو نہ اس کا اذن تو ملتا یہاں کچھ بھی نہیں

روح کی گہرائیوں سے اس کی بن جا نازلیؔ
 ایک تو ہو اورخدا ہو ‘درمیاں کچھ بھی نہیں

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Pages