Breaking

Post Top Ad

Wednesday, July 22, 2020

Mohsin Usmani Taruf Wa Ghazal

محسن عثمانی

محسنؔ عثمانی صاحب کا وطن مالوف مرادآباد ہے جہاں سے نقل مکانی کر کے وہ گزشتہ ۳۰؍ برسوں سے پٹیالہ (پنجاب) میں اقامت گیر ہیں۔ انہوں نے ہجرت کا جو کرب جھیلا ہے ان کی شاعری میں عکس ریز ہے۔ ان کے مجموعئہ کلام ’’ پر تبصرہ کرتے ہوئے سید شکیل دسنوی صاحب رقمطراز ہیں۔ ’’ غریب الوطنی کا کرب فطری طور پر ان کی شخصیت کا ایک جزو بن چکا ہے اور یہ المیہ ان کی شاعری  میںتحلیل سا ہو گیا ہے ’’ ڈاکٹر زینت اللہ جاوید صاحبہ فرماتی ہیں۔‘‘ محسن عثمانی صاحب روشنی کے علمبردار ہیں اور تیرگی کے خلاف سینہ سپر ہونے کے لئے ہمہ وقت تیار نظر آتے ہیں ‘‘ ان کے علاوہ خالد کفایت ، نامی نادری، شرون کمار، طارق کفایت اور ناشر نقوی صاحبان نے بھی ان کی شاعرانہ عظمت کا بر ملا اعتراف کیا ہے۔
نورالحسن ان کا اصل نام اور محسن عثمانی ادبی شناخت ہے۔ قصبہ شریف نگر ضلع مرادآباد میں ولادت ۲۵؍جون ۱۹۴۵ء؁ کو ہوئی۔ مولوی فاضل اور ادیب فاضل کے سند یافتہ ہیں۔ پنجاب وقف بورڈ ایجوکیشن برانچ میں ملازمت کی۔ اب سبکدوشی کے بعد زلف شاعری کو سنوارنے میں مصروف ہیں۔ ہندی شاعری میں بھی نمایاں مقام حاصل ہے۔ نظموں اور غزلوں پر مشتمل دو مجموعے’ ’دل کاآنگن ‘‘اور’ ’دل کی دھڑکن‘‘ کے خالق ہیں۔ ایک ہندی مجوعہ زیر ترتیب ہے۔ زیر نظر غزل ان کے عصری شعور، اظہار کی بے باکی، حق پسندی اور راسخ عقیدے کی تفسیر پیش کرتی ہے۔
رابطہ۔ مسجد مسلم کا لونی۔ گلی نمبر۔۹۔ پرانا بش نگر ۔پٹیالہ۔147001 (پنجا ب)  
غزل

ہوائوں نے خوشی کے رنگ دھرتی پر اچھالے ہیں
تھی جن کی آس وہ موسم سہانے آنے والے ہیں 

پہنچنا ہے ہمیں منزل پہ تو خطروں سے کیا ڈر نا
 جنہیں دشوار کہتے ہو وہ رستے دیکھے بھالے ہیں

یہ جمہوری خدا کیا ہیں میاں تاریخ شاہد ہے  
 جہاں کے قیصرو کسریٰ پہ ہم نے ہاتھ ڈالے ہیں

ہمارے عزم کی گنگا بہے جاتی ہے صدیوں سے 
 ہمارے حوصلوں نے رخ ہوا کے مو ڑڈالے ہیں

مرے بھائی زمانے کی الٹ پھیروں کی برکت ہے
 جو کل بیکار پھرتے تھے وہی اب کاروالے ہیں

مری بیباکئی تحریر سے برہم نہ ہو کوئی
 تھا جن پہ ذکر یاروں کا وہ صفحے پھاڑ ڈالے ہیں

اتر جائینگے جو گہر ائیوں میں ایک اک دل کی
 وہی الفاظ ہم نے شعر کے سانچے میں ڈھالے ہیں

گراں ہے اہل دنیا پر ہماری اک یہی خوبی
کہ ہم اس دور بے دینی میں محسنؔ دین والے ہیں

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Pages