Breaking

Post Top Ad

Thursday, July 23, 2020

Tabish Rabbani Taruf wa Ghazal

تابشؔ ربانی

کڈپہ کی شعری فضا میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے تابشؔ ربانی آغازِ سفر ہی سے اپنی پہچان درج کرانے میں کامیاب نظر آتے ہیں۔ان کی شاعری میں اکیسویں صدی کی باز گشت کے ساتھ تیزی سے بدلتے ہوئے منظر نامہ کو گرفت میں لینے کی کوشش بھی نظر آتی ہے۔اس میں انسان کی محرومیوں اور نارسائیوںکا نوحہ بھی ہے اور ایک نئی سحر کی بشارت بھی۔لیکن یہ بات بھی ہے کہ کندن بننے کے لئے انہیں ابھی کڑی ریاضتوں کی بھٹی سے گزرنا پڑے گا۔
پورا نام شیخ محمد ربانی ہے۔ادبی حلقوں میںتابشؔ ربانی کی شناخت رکھتے ہیں۔والدِ محترم کا اسمِ گرامی جناب عبد الجبار ہے۔کڈپہ میں ولادت ۷؍اکتوبر۱۹۸۳؁ء کو ہوئی۔ایم،اے‘ بی،ایڈ ہیں۔درس وتدریس کا پیشہ اختیار کر کے نونہالانِ قوم کی کردار سازی میں مصروف ہیں۔شاعری سے بھی دلچسپی ہے جس کا باقاعدہ آغاز ۲۰۰۱؁ء میں کیا۔معروف شاعر وادیب ڈاکٹر اقبال خسرو قادری صاحب کے تلامذہ میں سے ہیں۔زیرِنظر غزل میں سماجی‘اخلاقی اور ماحولیاتی منفی رویوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
رابطہ۔
مکان نمبر۔8/14-5 روندرا نگر۔کڈپہ۔
(A.P)516003 

 غزل


ہم موت کے تاجر سے بقا مانگ رہے ہیں 
اور آج بھی اپنوں سے وفا مانگ رہے ہیں

وہ امن سے جینے کی دعا مانگ رہے تھے 
ہم چین سے مرنے کی دعا مانگ رہے ہیں

کل تک جو کیا کرتے تھے دریاؤں کو سیراب 
وہ آج صراحی کا پتہ مانگ رہے ہیں

اس شان سے اٹھا ہے اصولوں کا جنازہ 
اب لوگ بھی تہذیب جدا مانگ رہے ہیں 

مصروفِ ثنا پیڑوں پہ ہیں سارے پرندے 
مسجد کے کبوتر بھی دعا مانگ رہے ہیں 

سوکھے ہوئے کھیتوں پہ کھڑے دھان کے پودے
بہتے ہوئے دریا کا پتہ مانگ رہے ہیں

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Pages