Breaking

Post Top Ad

Tuesday, August 18, 2020

نگارخانۂ راجستھان( مضامین) Nigar Khana-e- rajhstan (Mazameen)

 کتاب کا نام 

 نگارخانۂ راجستھان( مضامین)

 مصنف۔ڈاکٹر عزیزاللہ شیرانی
 مبصر۔سعید رحمانیؔ

ڈاکٹر عزیز اللہ شیرانی ادب کے عصری منظرنامہ میں ایک ہمہ جہت شخصیت کے بطور متعارف ہیں ۔شعروادب، نقد و تحقیق،ادبِ اطفال،تذکرہ نگاری اور ترجمہ جیسی اصناف میں انھوں نے اپنی تحریروں کے ذریعہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے جو روشن نقوش مرتب کئے ہیںایسی مثال کم ہی نظر آتی ہے۔ افسانوں اور ناولوں کے آٹھ مجموعے،ہندی سے ترجمہ شدہ ایک ناول اور ڈراموں کا ایک مجموعہ ،تحقیق اور تنقید کے موضوع پر ۸؍مجموعے اور اس کے علاوہ بی ایڈ مقابلہ جاتی امتحان،اسلامی نصاب اور پرائمری سطح کے طلبہ کے لیے بھی تقریباً چھ کتابیں منظر عام پر آکر اہل ادب سے خراج حاصل کرچکی ہیں۔ گرانقدر ادبی خدمات کے اعتراف میں رجستھان اور بہار اردو اکاڈمی کے علاوہ دیگر ادبی اداروں نے انھیں ایوارڈز و انعامات سے سرفراز کیا ہے۔
ڈاکٹر موصوف کا تعلق چونکہ صوبۂ راجستھا ن سے ہے اس لئے خصوصی طور پر ان کی توجہ اپنے صوبے پر مرکوز رہی ہے جس کی ادبی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی صورتِ حال کو وہ صفحۂ قرطاس کی زینت بناتے رہے ہیں۔
زیر نظر کتا ب ان کی بارہویں تحقیقی پیش کش ہے ۔اس کے مطالعہ سے راجستھا ن کی معروف ادبی شخصیتوں کے علاوہ وہاں تحقیق و تنقید کی پیش رفت سے آشنائی ہو تی ہے۔


یہ کتاب دو حصوں میں تقسیم ہے پہلے حصے میں راجستھا ن کے مرحوم ادبا و شعرا کی تخلیقی کاوشوں پر روشنی ڈالی گئی ہے جب کہ دوسرے حصے میں راجستھا ن کے تذکرہ نگار، مورخ،یونیور سٹیوں میں ہونے والی سندی تحقیق ،وہاں کے صحافی اور  اخبارات و رسائل کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔
اس کتاب کا مطالعہ بلاشبہ قارئین کو راجستھان کی قدیم و جدید ادبی تاریخ سے استفادے کا موقع فراہم کرے گا۔ مختصراً کہا جا سکتا ہے کہ یہ کتاب راجستھان میں اردو ادب کی ایک ایسی ادبی دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے جو فی زمانہ ریسرچ اسکالروں کے لئے مشعلِ راہ ثابت ہوتی رہے گی۔
 اسے پیش کر کے ڈاکٹر عزیز اللہ شیرانی صاحب نے ایک تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا ہے جس کے لئے وہ بجا طور پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔ خوبصورت سر ورق اور نفیس طباعت و کتابت کے ساتھ ۳۵۲؍ صفحات پر محیط اس کتاب کی قیمت ۲۱۲؍روپے ہے اور مصنف کاپتہ:ڈاکٹر عزیز اللہ شیرانی، فرحت منزل، کالی پلٹن، نزد دیوان جی کا کنواں،ٹونک۔ 304001(راجستھان)سوال

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Pages